اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے زلزلوں کے متاثرین کی یاد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قدرتی آفات کے تباہ کن اثرات سے بچاؤ کے لیے ملک کے انفراسٹرکچر میں بہتری لانا ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے کو قومی تاریخ کا المناک ترین واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سانحے کے اثرات آج بھی ہماری یادداشتوں میں محفوظ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس زلزلے میں 80 ہزار قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جبکہ آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا میں 30 لاکھ سے زائد لوگ اپنی چھت سے محروم ہوئے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2005 کے سانحے نے پاکستان کو انسانی، سماجی اور معاشی طور پر شدید نقصان پہنچایا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے اور مستقبل کی نسلوں کو محفوظ بنانے کے لیے زلزلہ پروف تعمیرات اور بہتر آفاتی انتظام (Disaster Management) کو ترجیح دے رہی ہے۔