بیجنگ : ایک غیر روایتی چینی فوڈ بلاگر اپنی منفرد اور تخلیقی ڈشز کے باعث اس وقت سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئے جب انہوں نے شیشے جیسے دکھائی دینے والے نیم شفاف فرائیڈ چکن کے ٹکڑے تیار کیے۔
فوڈ بلاگر کائی نان اپنی غیر معمولی کھانوں اور مالیکیولر گیسٹرونومی کی جدید تکنیک کے استعمال کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔ ان کی تازہ ترین تخلیق ایک ایسی فرائیڈ چکن ڈش ہے جو دیکھنے میں مکمل طور پر شیشے کے مجسمے جیسی محسوس ہوتی ہے اور عام کھانے کے بجائے ایک آرٹ پیس کا تاثر دیتی ہے۔
کائی نان نے گزشتہ ماہ اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو اپلوڈ کی تھی جس کا عنوان تھا کہ وہ فرائیڈ چکن کو شفاف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ ویڈیو غیر معمولی مقبول ہوئی اور صرف یوٹیوب پر ہی تقریباً 10 لاکھ ویوز حاصل کر چکی ہے۔
ویڈیو میں انہوں نے بتایا کہ اس منفرد ڈش کی تیاری میں چکن کی ہڈیوں، بون میرو، کولیجن اور جیل نما اجزاء کا استعمال کیا گیا۔ گوشت کو مائع شکل میں تبدیل کرنے اور پھر مالیکیولر گیسٹرونومی کی تکنیک کے ذریعے دوبارہ ترتیب دینے کے بعد ایک ایسا ڈھانچہ بنایا گیا جو شفاف اور غیر معمولی نظر آتا ہے۔
انہوں نے روایتی فرائیڈ چکن کی کرسپی تہہ کو بھی نئے انداز میں تیار کرنے کی کوشش کی، تاہم مجموعی طور پر یہ ڈش اپنی غیر معمولی ساخت کی وجہ سے زیادہ ایک آرٹ تخلیق کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔
یہ منفرد تخلیق جہاں کچھ لوگوں کے لیے حیرت اور تجسس کا باعث بنی ہے، وہیں کئی صارفین اسے عجیب اور غیر روایتی قرار دیتے ہوئے اس سے دوری کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔