پاکستان میں ہر 28 منٹ میں ایک بچے کی شادی ہوتی ہے، رپورٹ

پاکستان میں ہر 28 منٹ میں ایک بچے کی شادی ہوتی ہے، رپورٹ

واشنگٹن: عالمی ادارے یونیسف نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں ہر 100 میں سے 24 بچوں کی شادیاں بچپن میں ہی کر دی جاتی ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق نارویجن ہیومن رائٹس فنڈ (این ایچ آر ایف) کے تعاون سے سندھ میں سرگرم عمل غیر سرکاری تنظیم سجاگ سنسار کا کہنا ہے یہاں ہر 28 منٹ میں ایک بچے کی شادی ہوتی ہے۔

ادھر ڈیمو گرافک اینڈ ہیلتھ سروے آف پاکستان کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ کم عمری یا بچپن میں شادیاں کرنے کا سب سے زیادہ رجحان سندھ میں ہے جہاں ہر سو میں سے 33 بچے وقت سے پہلے شادی جیسی بھاری ذمہ داری کے بوجھ تلے دب جاتے ہیں۔

سجاگ سنسار سندھ کے روح رواں معشوق برہمانی نے ایک گفتگو میں وائس آف امریکا کو بتایا پاکستان میں ہر سال لاکھوں لڑکیوں کی شادی 18 سال کی عمر سے پہلے ہو جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے بعد کم عمری کی شادیوں کا سب سے زیادہ رجحان خیبر پختونخوا میں ہے جہاں 29 فیصد، بلوچستان 22 اور پنجاب میں 20 فیصد شادیاں کم عمری یا بچپن میں ہی کر دی جاتی ہیں۔ اس پر قابو اسی صورت میں پایا جا سکتا ہے جب قانون پر سختی کیساتھ عمل کیا جائے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں