Get Alerts

ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کاا مکان

ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کاا مکان

اسلام آباد :  محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں بشمول اسلام آباد میں 29 اگست تا 2 ستمبر گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔ خاص طور پر پنجاب کے شمالی و شمال مشرقی اضلاع میں 30 اور 31 اگست کو شدید بارشوں کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ راولپنڈی،  لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ،اٹک، جہلم، چکوال، گجرات، نارووال، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین جیسے اضلاع میں سیلاب کا خطرہ ہے۔ وسطی و جنوبی پنجاب کے ملتان، ڈی جی خان، راجن پور، لیہ، بھکر، ساہیوال، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں بھی بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ خیبر پختونخوا کے چترال، دیر، ایبٹ آباد، پشاور، نوشہرہ،سوات، بونیر، مانسہرہ،   مردان، ڈی آئی خان، ٹانک، کوہاٹ اور بنوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے کئی اضلاع میں بھی موسلادھار بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی خطرات لاحق ہیں۔

سندھ کے ساحلی علاقوں کراچی، ٹھٹھہ، سجاول، بدین اور تھرپارکر میں بھی بارشیں متوقع ہیں، جہاں کراچی میں شہری سیلاب کا اندیشہ ہے۔ اندرون سندھ کے حیدرآباد، دادو، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، جیکب آباد اور کشمور میں بھی موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارشوں کے دوران احتیاط برتیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مقامی انتظامیہ اور ریسکیو حکام سے رابطہ کریں۔ این ڈی ایم اے نے بھی تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید برآں، محکمہ موسمیات نے سیاحوں سے کہا ہے کہ شمالی علاقہ جات کا سفر مؤخر کریں تاکہ ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے بچا جا سکے۔

ٹیگز: