اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانیہ میں مقیم پاکستانی بزنس مین وسیم اسلم نے ملاقات کی، جس دوران وسیم اسلم نے سیلاب متاثرین کے لیے ایک کروڑ روپے کا عطیہ پیش کیا۔ بزنس مین نے یہ چیک وزیر داخلہ کو باقاعدہ طور پر حوالے کیا۔
محسن نقوی نے وسیم اسلم کے اس جذبۂ خیر کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت ایک غیر معمولی قدرتی آفت سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور طوفانی سیلابی ریلوں نے خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جہاں لاکھوں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
وزیر داخلہ نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی بحالی کے لیے تمام ممکنہ وسائل استعمال کیے جائیں گے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وسیم اسلم کی جانب سے دیا گیا یہ عطیہ وزیرِاعظم فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع کروایا جائے گا تاکہ شفاف انداز میں امداد مستحقین تک پہنچ سکے۔