Get Alerts

نوعمروں کے لیے فیس بک اور انسٹاگرام کا استعمال محدود کرنے پر میٹا کا اہم فیصلہ

نوعمروں کے لیے فیس بک اور انسٹاگرام کا استعمال محدود کرنے پر میٹا کا اہم فیصلہ

کیلیفورنیا : میٹا نے نوعمر صارفین کے لیے فیس بک اور انسٹاگرام کے استعمال کے دورانیے کو محدود کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے، جس کے تحت والدین کی اجازت کے بغیر نوجوان روزانہ مقررہ وقت سے زیادہ سوشل میڈیا استعمال نہیں کرسکیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے معاہدے کے تحت نوعمر صارفین کے لیے فیس بک اور انسٹاگرام کا روزانہ استعمال زیادہ سے زیادہ دو گھنٹے تک محدود ہوگا، تاہم والدین اضافی وقت کی اجازت دے سکیں گے۔

اس کے علاوہ رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک نوجوانوں کی پلیٹ فارمز تک رسائی معطل رکھنے اور سکول کے اوقات میں پش نوٹیفکیشنز بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا کے خلاف بچوں اور نوجوانوں کو سوشل میڈیا کا عادی بنانے اور پلیٹ فارمز کے ممکنہ نقصانات سے متعلق الزامات پر قانونی کارروائی جاری تھی۔

رپورٹس کے مطابق میٹا نے امریکا کی تقریباً تمام ریاستوں کے ساتھ اس معاملے پر تصفیہ کرلیا ہے۔ معاہدے کے تحت کمپنی آئندہ 10 برس کے دوران مجموعی طور پر 18 ارب ڈالر تک ادا کرے گی، جبکہ نوعمر صارفین کے لیے فیس بک اور انسٹاگرام کے استعمال سے متعلق مزید سخت اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

بدھ کو سامنے آنے والے ان معاہدوں کے بعد میٹا کے خلاف جاری وفاقی مقدمہ بھی اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ مقدمے میں الزام لگایا گیا تھا کہ کمپنی کی سوشل میڈیا مصنوعات بچوں اور نوجوانوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہورہی ہیں اور میٹا نے اپنے پلیٹ فارمز کی حفاظت کے حوالے سے عوام کو گمراہ کیا۔

ٹیگز: