عالمی وبا سے مزید 63 پاکستانی جاں بحق، 2259 کی حالت تشویشناک

Corona virus kills 63 more patients in Pakistan
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان میں روز بروز عالمی وبا کی صورتحال میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 63 شہری جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ ہسپتالوں میں زیر علاج 2259 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں وبائی مرض کے مریضوں کیلئے دستیاب وینٹی لیٹرز میں 305 زیر استعمال ہیں۔ لاہور میں 32 فیصد، اسلام آباد میں 40 فیصد اور ملتان میں 49 فیصد وینٹی لیٹرز زیر استعمال ہیں۔

این سی او سی کے ڈیٹا کے مطابق چوبیس گھنٹوں میں عالمی وبا سے سب سے زیادہ اموات پنجاب جبکہ دوسرے نمبر پر اموات سندھ میں ہوئیں۔ انتقال کرنے والے 63 مریضوں میں 31 وینٹی لیٹر پر جبکہ 63 میں سے 54 مریض ہسپتالوں میں داخل تھے۔

اعدادوشمار کے مطابق عالمی وبا کے مثبت کیسز کی شرح 5 اعشاریہ 8 فیصد رہی۔ 24 گھنٹوں میں عالمی وبا کے 1776 نئے کیس سامنے آئے۔ ملک میں وبائی مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 75 ہزار 85 جبکہ انتقال کرنے والوں کی تعداد 9992 ہو گئی ہے۔ ملک میں 24 گھنٹوں میں عالمی وبا سے مزید 63 افراد انتقال کر گئے۔

پاکستان میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد کی بات کی جائے تو آزاد کشمیر میں 219، بلوچستان میں 182، گلگت بلتستان 101، اسلام آباد 412، خیبر پختونخوا 1617، پنجاب میں 3959 اور سندھ میں 3502 اموات ہو چکی ہیں۔

این سی او سی کے مطابق اس وقت ملک بھر میں آزاد کشمیر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 486، بلوچستان میں 261، گلگت بلتستان میں 56، اسلام آباد میں 4425، خیبر پختونخوا میں 4073، پنجاب میں 10058 اور سندھ میں 20240 ہو چکی ہے۔