کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اور عالمی شہرت یافتہ اداکارہ صبا قمر نے حالیہ دنوں میں اپنے خلاف ہونے والے ایک مقدمے پر واضح جواب دیا ہے، جس میں انہیں پولیس یونیفارم بغیر اجازت پہننے پر تنقید کا سامنا تھا۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک سٹوری شیئر کرتے ہوئے اس خبر کا سکرین شاٹ بھی پوسٹ کیا، جس میں پولیس یونیفارم پہننے کی اجازت کے حوالے سے درخواست دکھائی گئی تھی۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ ’پاکستان کی امیج کو بہتر بنانے‘ کے مقصد کے تحت پنجاب کے ڈی جی پی آر پروجیکٹ کے لیے پولیس یونیفارم خریدنے اور استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔
صبا قمر نے اس معاملے کو پبلسٹی کے لیے شہرت کے استعمال کا الزام لگاتے ہوئے ناقدین کو کرارا جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ "براہ کرم سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے کسی اور کو تلاش کریں۔" اداکارہ نے مزید کہا، "آج جو کچھ بھی میرے پاس ہے وہ میری محنت کا نتیجہ ہے۔"
صبا قمر نے اپنے ناقدین کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ "اپنے سفر پر توجہ مرکوز رکھیں، کیونکہ آپ کا وقت بھی آئے گا۔"