Get Alerts

لاہور میں بسنت 2026 کی اجازت، ڈپٹی کمشنر کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری

لاہور میں بسنت 2026 کی اجازت، ڈپٹی کمشنر کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری

لاہور:لاہور میں بسنت 2026 منانے کی باقاعدہ اجازت دے دی گئی ہے، جس کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شہر میں بسنت کے موقع پر پتنگ بازی 6، 7 اور 8 فروری 2026 کو کی جا سکے گی۔ بسنت کے دوران صرف منظور شدہ اور معیاری پتنگ بازی کا سامان استعمال کرنے کی اجازت ہو گی۔ پتنگ بازی کے سامان کی تیاری اور تجارت 30 دسمبر 2025 سے 8 فروری 2026 تک مجاز قرار دی گئی ہے، جبکہ عوام کو سامان کی فروخت یکم فروری سے 8 فروری 2026 تک کی جا سکے گی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق صرف رجسٹرڈ دکاندار ہی پتنگ بازی کا سامان فروخت کرنے کے مجاز ہوں گے۔ مینوفیکچررز، ٹریڈرز اور سیلرز کی رجسٹریشن کا عمل 29 دسمبر 2025 سے شروع ہو چکا ہے، جو ای-بز ایپ یا basant.punjab.gov.pk کے ذریعے مکمل کیا جا سکتا ہے۔

نوٹیفکیشن میں چرخی کے استعمال پر مکمل پابندی برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ دھاتی تار، نائیلون، پلاسٹک اور تیز مانجھا مکمل طور پر ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ صرف مخصوص معیار کے تحت روئی کی ڈور استعمال کرنے کی اجازت ہو گی۔ اس کے علاوہ پتنگ کے سائز اور تعداد سے متعلق حدیں بھی مقرر کر دی گئی ہیں۔

انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ تمام رجسٹرڈ دکاندار اپنے رجسٹریشن سرٹیفکیٹس نمایاں جگہ پر آویزاں کریں اور سٹاک، فروخت اور سامان کی نقل و حرکت کا مکمل ریکارڈ رکھیں۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد بسنت کو محفوظ انداز میں منانا اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

ٹیگز: