اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (PIA) کی نجکاری کے عمل کو تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام تر چیلنجز کے باوجود یہ عمل انتہائی شفاف انداز میں مکمل کر لیا گیا ہے، جس پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔
آج اسلام آباد میں پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قومی ایئر لائن کا ہوا بازی کے شعبے میں کبھی ایک بڑا مقام تھا اور ہمیں پختہ یقین ہے کہ اس نجکاری کے بعد پی آئی اے کی عظمت رفتہ دوبارہ بحال ہوگی۔
وزیراعظم نے نجکاری کے عمل میں شامل تمام شراکت داروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نائب وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور حکومتی ٹیم نے اس قومی مقصد کے حصول میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے مشیر نجکاری محمد علی کی کارکردگی کی خصوصی تعریف کی اور کہا کہ ان کی محنت سے یہ پیچیدہ عمل کامیابی سے ہمکنار ہوا۔
عارف حبیب کنسورشیم کی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ملکی صنعتی ترقی میں اس گروپ کا کردار ہمیشہ سے نمایاں رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی آئی اے کی اولین ترجیح مسافروں کا تحفظ، وقار اور آرام دہ سفر ہوگا۔ بہترین سفری سہولیات کی فراہمی سے ادارہ دوبارہ اپنا نام پیدا کرے گا۔ نجکاری سے نہ صرف ادارے کا معیار بہتر ہوگا بلکہ پاکستان کا وقار بھی بلند ہوگا۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ سہولتوں کی بہتری سے ادارے کا معیار عالمی سطح پر آئے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کنسورشیم کی محنت اور جذبے سے پاکستان کی ہوا بازی کی صنعت میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔