واشنگٹن: امریکا کے مشرقی حصے میں شدید برفباری نے تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 65 ہو گئی ہے۔ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر چکا ہے، اور شکاگو میں منفی 14 جبکہ کلیولینڈ میں منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ٹینیسی اور مسیسیپی میں وقفے وقفے سے ہونے والی برفباری کی شدت نے ایک لاکھ سے زیادہ صارفین کو بجلی سے محروم کر دیا ہے، جبکہ برفانی طوفان کے بعد فضائی سفر بھی متاثر ہے۔ بدھ کے روز امریکی ائیرلائنز کی 653 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ ایک ہزار 77 پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔
ڈیلس فورٹ ورتھ ایئرپورٹ پر بھی برفباری اور بارش کی وجہ سے آپریشن شدید متاثر ہو رہا ہے۔ امریکی ائیرلائنز نے عملے کو اضافی شفٹس کرنے کے لیے ڈبل تنخواہ کی پیشکش کی ہے تاکہ موجودہ صورتحال کا مقابلہ کیا جا سکے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نیو یارک اور نیو جرسی میں شدید سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے اور سردی کا یہ سلسلہ اگلے ہفتے تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔