Get Alerts

پہلا ٹی ٹوئنٹی:پاکستان نے آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دے دی

پہلا ٹی ٹوئنٹی:پاکستان نے آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دے دی

لاہور: پاکستان نے آسٹریلیا کو تین میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں 22 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ یہ میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا، جہاں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔


پاکستان نے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ صائم ایوب 40 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا، اور پہلے ہی اوور میں صاحبزادہ فرحان بغیر کسی اسکور کے آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد صائم ایوب اور کپتان سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور دلکش شاٹس کھیلے۔ تاہم، 74 رنز کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب 40 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد سلمان علی آغا 39، بابر اعظم 24، فخر زمان 10، عثمان خان 18، شاداب خان 1 اور شاہین آفریدی بغیر کسی اسکور کے پویلین واپس لوٹ گئے۔ محمد نواز نے 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہ کر ٹیم کا اسکور 168 تک پہنچایا۔

آسٹریلیا کے ایڈم زمپا نے 24 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ بارلیٹ اور بیئرڈمین نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔


پاکستان کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم زیادہ کھل کر نہ کھیل سکی اور 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 146 رنز بنا سکی۔ کیمرون گرین نے 36 اور بارلیٹ نے 34 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے صائم ایوب اور ابرار احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاداب خان اور محمد نواز نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس فتح کے ساتھ پاکستان کو 3 میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔


آسٹریلوی ٹیم کی قیادت ٹریوس ہیڈ کر رہے تھے، اور اس میچ میں ماہلی بیئرڈمین، جیک ایڈورڈز اور میتھیو رنشا نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔


پاکستان کی پلئینگ الیون میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، بابر اعظم، فخر زمان، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، شاہین آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد شامل تھے۔
 
 

ٹیگز: