بیجنگ : چینی دارالحکومت بیجنگ میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 30 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق شمالی چین کے مختلف علاقوں میں جاری بارشوں نے خاص طور پر بیجنگ کے شمال مشرقی مضافاتی ضلع می ین میں سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔
شدید بارشوں کی وجہ سے کئی سڑکیں تباہ ہو گئی ہیں اور تقریباً 130 دیہات بجلی سے محروم ہو چکے ہیں۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موسمی الرٹس پر غور کریں اور غیر ضروری طور پر خطرناک علاقوں میں نہ جائیں۔
چینی صدر شی جن پنگ نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ سیلاب اور بارشوں کے متاثرہ علاقوں میں قبل از وقت منصوبہ بندی کریں اور رہائشیوں کے فوری انخلاء کو یقینی بنائیں تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔