Get Alerts

9 مئی کیس : سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی ضمانت اپیلوں پر سماعت 12 اگست تک ملتوی کردی

9 مئی کیس : سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی ضمانت اپیلوں پر سماعت 12 اگست تک ملتوی کردی

اسلام آباد :  نو مئی کے واقعات میں ملوث مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ضمانت بعد از گرفتاری کے لیے دائر اپیلوں پر سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت وکیل صفائی سلمان صفدر کی غیر موجودگی کے باعث ملتوی کر دی گئی۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے عمران خان کی اپیلوں پر سماعت کی۔ سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے کہا کہ کیس میں التوا کی درخواست موصول ہوئی ہے۔

وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عمران خان کے وکیل سلمان صفدر اس وقت ملک سے باہر ہیں، لہٰذا عدالت سماعت کو اگلے ہفتے تک ملتوی کرے اور تمام فریقین کو فوری نوٹسز جاری کرے۔

تاہم عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے سماعت 12 اگست تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ عمران خان نے 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت بعد از گرفتاری کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ ان مقدمات میں لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم کی درخواستیں خارج کر دی تھیں، جس کے بعد انہوں نے سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کیں۔

ٹیگز: