اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی جانب سے 9 مئی کے مقدمات میں دائر ضمانت بعد از گرفتاری کی اپیلوں پر سماعت کے لیے نیا تین رکنی بنچ تشکیل دے دیا ہے۔
نئے بنچ کی سربراہی جسٹس یحییٰ آفریدی کریں گے، جب کہ دیگر اراکین میں جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب شامل ہوں گے۔ عدالت عظمیٰ کی جانب سے یہ فیصلہ وکیل سلمان صفدر کی استدعا پر کیا گیا، جنہوں نے گزشتہ سماعت پر وقت دینے کی درخواست کی تھی، جسے منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 12 اگست تک ملتوی کر دی گئی تھی۔
خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات سے متعلق مختلف مقدمات میں لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستیں خارج کیے جانے کے بعد سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔