Get Alerts

مالی فراڈ کی روک تھام: ملک بھر کے کال سینٹرز کے لیے لائسنس لازمی قرار

مالی فراڈ کی روک تھام: ملک بھر کے کال سینٹرز کے لیے لائسنس لازمی قرار

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے ملک میں بڑھتے ہوئے مالی و ڈیجیٹل فراڈ کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کرتے ہوئے ملک بھر کے تمام کال سینٹرز کے لیے لائسنس حاصل کرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔ یہ اقدام نیشنل سائبر کرائم کوآرڈی نیشن اینڈ انویسٹی گیشن اتھارٹی (NCCIA) کے جاری "آپریشن گرے" کا حصہ ہے، جس کا دائرہ اب صوبوں تک پھیلایا جا رہا ہے۔


ذرائع کے مطابق، کال سینٹرز کو لائسنس تین وفاقی اداروں  NCCIA، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) اور حساس ادارے   کی مشترکہ منظوری کے بعد جاری کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ صوبوں میں موجود غیر لائسنس یافتہ، جعلی اور مشکوک کال سینٹرز اب "آپریشن گرے" کے تحت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نشانے پر ہوں گے۔

ایف آئی اے اس مہم میں منظم ڈیجیٹل فراڈ نیٹ ورکس کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں کرے گی، جن میں جعلی اسکیموں، انعامی لالچ اور دیگر آن لائن دھوکہ دہی کے حربے استعمال کیے جاتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ اقدامات نہ صرف ڈیجیٹل فراڈ کا خاتمہ کریں گے بلکہ ملک کے سائبر کرائم رسپانس انفرااسٹرکچر کو بھی مضبوط اور جدید بنانے کی جانب ایک بڑا قدم ہیں۔ حالیہ کارروائیوں کے باعث جعل ساز نیٹ ورکس کی سرگرمیوں میں نمایاں خلل پڑا ہے، اور آئندہ دنوں میں کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیے جانے کا امکان ہے۔

ٹیگز: