پشاور :پاکستان تحریکِ انصاف نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے 5 اگست کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے اہم مشاورتی اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں احتجاج کی نوعیت اور دائرہ کار پر فیصلہ کیا جائے گا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس پشاور میں منعقد ہوگا جس کی صدارت چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کریں گے، جبکہ سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا، جنید اکبر، عمر ایوب اور دیگر مرکزی رہنما شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں غور ہوگا کہ آیا احتجاج اسلام آباد کی جانب مارچ کی صورت اختیار کرے گا یا ہر صوبے میں الگ الگ احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ ساتھ ہی، دیگر ممکنہ احتجاجی آپشنز پر بھی مشاورت کی جائے گی۔
پارٹی کے اندرونی حلقوں کا کہنا ہے کہ بعض رہنما دوبارہ اسلام آباد مارچ کے خلاف ہیں اور ضلعی سطح پر احتجاج کو زیادہ موزوں سمجھتے ہیں۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے تصدیق کی ہے کہ 31 جولائی کو اہم اجلاس میں احتجاجی حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ان کے مطابق احتجاج میں اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کی شمولیت بھی متوقع ہے، تاہم احتجاج کی حتمی شکل اور مقام کا اعلان پارٹی قیادت جلد کرے گی۔