Get Alerts

ویزا مشکلات میں پھنسے افراد کے لیے دبئی امیگریشن کا بڑا اقدام، مدد کی پیشکش

ویزا مشکلات میں پھنسے افراد کے لیے دبئی امیگریشن کا بڑا اقدام، مدد کی پیشکش

دبئی: دبئی امیگریشن نے ویزا سے متعلق مسائل کا سامنا کرنے والے افراد کے لیے سہولت کا اعلان کرتے ہوئے انہیں فوری رابطہ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

دبئی امیگریشن کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد احمد المری نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں ویزا مسائل کا شکار افراد دبئی امیگریشن کے الویر سینٹر پہنچیں اور اپنے معاملات سے متعلق آگاہ کریں تاکہ ان کے مسائل حل کیے جاسکیں۔

انہوں نے یہ بات بدھ کے روز دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ پریس بریفنگ کے دوران کہی۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد احمد المری کا کہنا تھا کہ ایسے افراد جن کے پاس رہائش کا انتظام نہیں، انہیں رہنے کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ کھانے پینے کی مشکلات کا سامنا کرنے والوں کو مفت خوراک بھی مہیا کی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ضرورت مند افراد کے لیے طبی معائنہ بھی بلا معاوضہ کیا جائے گا، جبکہ دانتوں کے علاج کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

دبئی امیگریشن چیف نے کہا کہ وطن واپسی کے خواہشمند افراد کو درپیش مشکلات ختم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ دبئی میں پھنسے سیاحوں اور روزگار کی تلاش میں آنے والے افراد کی رہنمائی کے لیے ایک نیا مرکز بھی قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دبئی آنے والے سیاح اور ملازمت کے خواہشمند افراد ہمارے مہمان ہیں، اور ان کی مشکلات کا ازالہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

ٹیگز: