اسلام آباد: پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلا دیش کو یکطرفہ مقابلے میں 0-3 سے شکست دے کر تیسری بار کاوا (CAVA) سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
لیاقت جمنازیم سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں کھیلے گئے فائنل میں قومی ٹیم نے آغاز ہی سے کھیل پر مکمل گرفت برقرار رکھی۔ پاکستان نے بنگلا دیش کو مسلسل تین سیٹس میں 20-25، 16-25 اور 20-25 سے شکست دے کر ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا اور تیسری مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
اس سے قبل پہلے سیمی فائنل میں بنگلا دیش نے ازبکستان کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو زیر کرکے فیصلہ کن معرکے کے لیے کوالیفائی کیا۔
فائنل میں قومی ٹیم نے عمدہ ہم آہنگی، مضبوط دفاع اور مؤثر اٹیکنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلا دیش کو کسی بھی مرحلے پر میچ میں واپسی کا موقع نہ دیا اور بھرپور کھیل پیش کرتے ہوئے ایک بار پھر کاوا سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ کا تاج اپنے سر سجا لیا۔