سائنسدانوں نے زمین پر سرد ترین مقام دریافت کر لیا

سائنسدانوں نے زمین پر سرد ترین مقام دریافت کر لیا
کیپشن: image by facebook

بولڈر سٹی: ماہرین نے عین ان مقامات کی نشاندہی کی ہے جنہیں بلاشبہ زمین پر سرد ترین جگہ قرار دیا جاسکتا ہے اور مشرقی انٹارکٹیکا کی بلند ترین سطح مرتفع (پلیٹو) کو دنیا کا سب سے ٹھنڈا مقام کہا جا رہا ہے۔

یونیورسٹی آف کولوراڈو بولڈر میں واقع نیشنل سنو اینڈ آئس ڈیٹا سینٹر (این ایس آئی ڈی سی) کے مطابق انہوں نے زمین پر سرد ترین جگہ دریافت کر لی ہے جہاں خاص حالت میں درجہ حرارت منفی 100 درجے سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:ریاض اور جیزان میں اچانک ریت کا طوفان ،لوگوں میں خوف و ہراس
 
 
انٹارکٹیکا یا براعظم قطب جنوبی سے سردیوں میں سیٹلائٹ ڈیٹا جمع کیا گیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سردیوں کی راتوں میں یہاں ٹھنڈک کا عالم یہ ہوتا ہے کہ منفی 98 درجے سینٹی گریڈ تک ہو جاتا ہے۔

یہ ایک بلند اور وسیع میدانی علاقہ یعنی سطح مرتفع (پلیٹو) ہے , یہ علاقہ سطح سمندر سے 3500 میٹر بلند ہے جہاں ہوا بہت مہین ہے جبکہ یہاں خشکی کا راج ہے۔

دنیا کے اس سرد ترین مقام پر انٹارکٹیکا پر تحقیق کا بہترین مرکز قائم کیا جاسکتا ہے۔ اس سے قبل 1983 میں روسی موسمیاتی سٹیشن نے یہاں منفی 89 درجے سینٹی گریڈ جتنی سردی نوٹ کی تھی تاہم 2013 میں سیٹلائٹ تصاویر سے عیاں ہوا کہ بعض حصوں پر درجہ حرارت منفی 93 درجے سینٹی گریڈ بھی ہوسکتا ہے اور نئی تحقیق بھی سیٹلائٹ ڈیٹا کی روشنی میں کی گئی ہے۔

ماہرین نے ناسا کے ٹیرا اور ایکوا سیٹلائٹس کے ساتھ ساتھ نووا کے پولر آپریشنل اینوائرونمنٹ سیٹلائٹس کا ڈیٹا بھی حاصل کیا ہے۔ 2004 سے 2016 کے درمیان جمع شدہ ڈیٹا کے تفصیلی تجزیئے سے معلوم ہوا کہ کم سے کم 100 مقامات ایسے ہیں جہاں درجہ حرارت منفی 98 درجے سینٹی گریڈ تک ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:امریکا نے بھارت سے وجہ بتائے بغیر اچانک مذاکرات ملتوی کردیے
 
 
انتہائی سرد علاقے سینکڑوں کلومیٹر پر پھیلے ہوئے ہیں اور ان مقامات پر جگہ جگہ برفیلے گڑھے موجود ہیں۔ کئی ہفتوں تک یہاں کی ٹھنڈک برقرار رہتی ہے اور یہ سردیوں کی راتوں میں رونما ہوتی ہے۔

تاہم ابھی یہ فیصلہ سیٹلائٹ تصاویر اور ڈیٹا سے کیا گیا ہے جب کہ ہوا کا درجہ حرارت معلوم کرنے کے لیے سائنسدانوں کو وہاں ایک تحقیقی مرکز قائم کرنا ہو گا۔ سائنسدان کوشش کر رہے ہیں کہ اگلے چند برسوں میں وہ موسمِ گرما میں اپنے آلات کے ساتھ وہاں کا دورہ کرسکیں۔