لاہور: پاکستان میں ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کے رجحان میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں 3 ارب 40 کروڑ سے زائد ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کے ذریعے 68 ہزار ارب روپے سے زیادہ کا لین دین ہوا۔
بینکنگ ذرائع کے مطابق ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو اندرونی اور بیرونی ادائیگیوں کے لیے بڑے پیمانے پر استعمال کیا گیا، جس میں موبائل ایپس، انٹرنیٹ بینکنگ، ڈیجیٹل والٹس اور پیمنٹ کارڈز شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ڈیجیٹل ادائیگیوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 52 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ پیمنٹ کارڈز کے ذریعے 2 کروڑ 68 لاکھ اکاؤنٹ ہولڈرز نے سہولت حاصل کی۔
ذرائع کے مطابق ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے 2 ارب 90 کروڑ ٹرانزیکشنز کی گئیں، جبکہ برانچ لیس بینکنگ کے ذریعے 42 کھرب روپے کا ریکارڈ لین دین ہوا۔
رپورٹ کے مطابق راست کے ذریعے 74 کروڑ 21 لاکھ ٹرانزیکشنز مکمل کی گئیں، جن کی مجموعی مالیت 23 ہزار 300 ارب روپے بتائی جاتی ہے۔ بینکنگ شعبے کے مطابق ڈیجیٹل ادائیگیوں میں اضافہ ملک میں مالیاتی نظام کی جدید کاری کی جانب اہم پیش رفت ہے۔