سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں دودھ کی نئی قیمتیں مقرر کر دیں

سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں دودھ کی نئی قیمتیں مقرر کر دیں
کیپشن: sindh high court milk prices

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے دودھ کی نئی قیمت مقرر کر دی ، یکم اپریل سے 94 روپے فی لیٹر ہی فروخت ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں دودھ کی نئی قیمت مقرر کر دی ہے ، یکم اپریل سے دودھ 94 روپے فی لیٹر فروخت کیا جائے گا۔

کیس کی سماعت کے دوران ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شبیر شاہ نے کہا کہ 94 روپے سے زائد قیمت پر دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے، اب بھی اطلاعات آرہی ہیں کہ شہر میں دودھ 100 اور 115 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔

کمشنر کراچی نے عدالت کو بتایا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے صرف 11 فوڈ انسپیکٹرز ہیں ، ایک کروڑ 65 لاکھ کی آبادی کے شہر میں گیارہ فوڈ انسپیکٹرز کیسے معاملات کو جانچ سکتے ہیں ، لہٰذا کے ایم سی کو مزید فوڈ انسپیکٹرز بھرتی کرنے کا حکم دیا جائے۔

عدالت نے (کے ایم سی) میں نئے فوڈ انسپیکٹرز بھرتی کرنی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میئر کراچی اور متعلقہ ادارے فوڈ انسپیکٹرز کی تعیناتی یقینی بنائیں۔

عدالت نے کمشنر کراچی کو دودھ کی قیمت کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔