Get Alerts

پاکستان کی بڑی سفارتی فتح؛ آبنائے ہرمز سے 20 بحری جہازوں کے گزرنے کی اجازت

پاکستان کی بڑی سفارتی فتح؛ آبنائے ہرمز سے 20 بحری جہازوں کے گزرنے کی اجازت

اسلام آباد : مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران پاکستان کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ ایرانی حکومت نے خیر سگالی کے طور پر آبنائے ہرمز سے پاکستانی پرچم بردار مزید 20 بحری جہازوں کو گزرنے کی خصوصی اجازت دے دی ہے، جسے خطے میں امن کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ایکس' (ٹویٹر) پر اس اہم کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ   طے شدہ معاہدے کے تحت روزانہ 2 پاکستانی جہاز آبنائے ہرمز عبور کریں گے۔ انہوں نے ایران کے اس فیصلے کو خوش آئند اور تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت خطے میں استحکام کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔ اسحاق ڈار نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ مذاکرات، سفارت کاری اور اعتماد سازی ہی موجودہ بحران سے نکلنے کا واحد راستہ ہے۔


اسحاق ڈار نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو ووٹکوف اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کو پوسٹ میں ٹیگ کرتے ہوئے لکھا ،  ایران کا یہ اقدام خوش آئند اور تعمیری ہے، اس کی تعریف ہونی چاہیے۔  یہ پیشرفت  خطے میں امن اور  استحکام کے فروغ کا پیش خیمہ ہے۔اس سفارتی کامیابی کی گونج واشنگٹن میں بھی سنائی دی، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسحاق ڈار کے اس ٹویٹ کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کر کے سب کو حیران کر دیا۔ ماہرین کے مطابق ٹرمپ کی جانب سے اس پیغام کو شیئر کرنا اس بات کا اشارہ ہے کہ امریکہ بھی پاکستان کے ذریعے جاری بیک چینل ڈپلومیسی اور امن کوششوں کو اہمیت دے رہا ہے۔

ٹیگز: