اسلام آباد: پاکستان کی قومی ایئر لائن (PIA) نے ایک طویل تعطل کے بعد برطانیہ کے لیے اپنے فلائٹ آپریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ 6 سال کے صبر آزما انتظار کے بعد پی آئی اے کی پہلی براہِ راست پرواز اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوئی۔
اس تاریخی موقع پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی اور برطانوی ہائی کمشنر جیٹ میریٹ نے مشترکہ طور پر ربن کاٹ کر فلائٹ آپریشن کا افتتاح کیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے اس پیش رفت کو پاکستان اور برطانیہ کے درمیان عوامی اور تجارتی روابط کی مضبوطی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
پی آئی اے انتظامیہ نے ابتدائی طور پر لندن کے لیے درج ذیل شیڈول ترتیب دیا ہے۔پی آئی اے ہر ہفتے 4 براہِ راست پروازیں برطانیہ کے لیے آپریٹ کرے گی۔ ان میں سے 3 پروازیں اسلام آباد سے جبکہ ایک پرواز لاہور سے لندن کے لیے اڑان بھرے گی۔ اس طویل مسافتی روٹ کے لیے پی آئی اے اپنے جدید ترین بوئنگ 777 (Boeing 777) طیارے استعمال کر رہی ہے، جنہیں خصوصی طور پر بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔