Get Alerts

پاک فضائیہ کے ہاتھوں رافیل طیاروں کی تباہی، فرانسیسی فوج کا ردِعمل بھی سامنے آگیا

پاک فضائیہ کے ہاتھوں رافیل طیاروں کی تباہی، فرانسیسی فوج کا ردِعمل بھی سامنے آگیا

 پیرس: حالیہ پاک بھارت جنگ میں پاک فضائیہ کی جانب سے بھارت کے 7 جنگی طیارے مار گرائے گئے، جن میں سے 3 جدید رافیل طیارے بھی شامل تھے۔ یہ واقعہ عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جہاں کئی ماہرین اور صحافیوں نے اسے بھارت کے لیے ایک بڑی فضائی ناکامی اور پاکستان کی فضائی برتری کا ثبوت قرار دیا ہے۔

فرانسیسی فوج کے ترجمان سے جب پیرس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران رافیل طیاروں کی تباہی سے متعلق سوال پوچھا گیا تو انہوں نے محتاط جواب دیتے ہوئے کہا کہ "اس واقعے کی تفصیلات ابھی غیر یقینی ہیں، بہت سے پہلو ابھی واضح نہیں، اور ہم اپنے شراکت دار بھارت سے معلومات لینے کے لیے رابطے میں ہیں۔"

ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر رپورٹس درست ثابت ہوئیں، تو یہ واقعہ رافیل کی 20 سالہ عملی تاریخ میں پہلا موقع ہوگا کہ یہ طیارے دشمن کی کارروائی میں تباہ ہوئے ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرانس اس جنگ سے سیکھنے کا خواہاں ہے، خاص طور پر رافیل کی کارکردگی سے متعلق۔

ادھر بھارت سرکاری طور پر طیارے گرائے جانے سے انکار کر چکا ہے، لیکن 9 مئی کو ایک سوال کے جواب میں بھارتی فضائیہ کے ائیر مارشل اے کے بھارتی نے اقرار کیا کہ "نقصانات لڑائی کا حصہ ہوتے ہیں، اس سے زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتا، ورنہ مخالف فائدہ اٹھا سکتا ہے۔"

یاد رہے کہ بھارت نے 2019 میں بالاکوٹ واقعے کے بعد فرانس سے 36 رافیل طیارے خریدے تھے، جنہیں "گیم چینجر" کہا جا رہا تھا۔ اب ان میں سے 3 طیاروں کا پاکستانی فضائی کارروائی میں تباہ ہونا نہ صرف بھارت بلکہ فرانس کے لیے بھی تشویش کا باعث بن گیا ہے۔

ٹیگز: