کیلیفورنیا: گوگل فوٹوز نے اپنی 10ویں سالگرہ کے موقع پر صارفین کے لیے ایک مکمل نئے انداز میں فوٹو ایڈیٹر متعارف کرایا ہے، جس میں مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی کئی جدید اور انقلابی فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹس کے مطابق، یہ جدید فیچرز ابتدائی طور پر صرف گوگل پکسل ڈیوائسز پر دستیاب تھے، تاہم اب کمپنی نے ان فیچرز کو تمام صارفین کے لیے متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔
نئے فوٹو ایڈیٹر میں Generative AI اور Auto Frame جیسے دو اہم فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔ جنریٹیو AI کی مدد سے صارفین صرف ٹیکسٹ لکھ کر اپنی تصاویر میں حیرت انگیز تبدیلیاں کر سکتے ہیں۔ مثلاً اگر کسی تصویر میں آسمان ابر آلود ہے، تو صارف صرف "صاف نیلا آسمان" لکھ کر منظر کو بدل سکتا ہے۔
دوسری جانب آٹو فریم فیچر تصویر کی کمپوزیشن کو بہتر بنانے کے لیے خودکار تجاویز فراہم کرتا ہے، جیسے تصویر کو سیدھا کرنا، خالی جگہوں کو پر کرنا یا فریم کو ایڈجسٹ کرنا۔
اس کے علاوہ گوگل نے AI Enhance نامی ایک اور فیچر بھی متعارف کرایا ہے، جو مختلف AI اثرات کو یکجا کرکے تین خودکار ایڈٹس فراہم کرتا ہے۔ ان ایڈٹس میں روشنی کو ایڈجسٹ کرنا، غیر ضروری اشیاء کو حذف کرنا اور دیگر ضروری تبدیلیاں شامل ہیں۔
نئے ایڈیٹر میں صارفین اب تصویر کے مخصوص حصے پر ٹیپ کرکے اس کے لیے موزوں ایڈیٹنگ ٹولز کی تجاویز بھی حاصل کر سکتے ہیں، جیسے کہ پس منظر کو دھندلا کرنا یا چہرے کی روشنی کو کم یا زیادہ کرنا۔
گوگل نے ایک نیا QR کوڈ البم شیئرنگ فیچر بھی متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنے فوٹو البمز کو کیو آر کوڈ کے ذریعے دوسروں کے ساتھ فوری طور پر شیئر کر سکتے ہیں۔ یہ خاص طور پر شادیوں یا دیگر تقریبات میں تصاویر کے تبادلے کو سہل بناتا ہے۔
کمپنی کے مطابق، یہ تمام فیچرز اگلے ماہ سے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے، جبکہ آئی او ایس صارفین کو یہ سہولت سال کے آخر میں فراہم کی جائے گی۔