محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب نے ممکنہ سموگ کے پیش نظر احتیاطی ہدایات جاری کر دیں

محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب نے ممکنہ سموگ کے پیش نظر احتیاطی ہدایات جاری کر دیں

لاہور: محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب نے ممکنہ سموگ کے پیش نظر احتیاطی ہدایات جاری کر دیں ہیں.

محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب کے ترجمان کے مطابق لاہور اور دوسرے بڑے شہروں میں نومبر کے شروع میں سموگ ہو سکتی ہے جس کے لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، سموگ کی صورت میں شہری غیر ضروری سفر اور باہر نکلنے سے گریز کریں، اگر سفر ضروری ہو تو ہیلمٹ اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں، شہری کوشش کریں کہ پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں تاکہ گاڑیوں کے دھوئیں سے پیدا ہونیوالی آلودگی سے محفوظ رہا جا سکے، سفر سے گھر پہنچنے پر یا زیادہ دیر باہر رہنے کے بعد پانی سے منہ دھوئیں تاکہ سموگ کے مضر اثرات سے بچا جا سکے۔پنجاب بھر میں کوڑے، کھیتوں کی باقیات اور ٹھوس فضلے کو آگ لگانے پر مکمل پابندی ہے، زرعی اور میونسپل فضلہ کو ماحولیاتی معیارات کے مطابق ٹھکانے لگایا جائے،حد نگاہ میں کمی کی صورت میں فوگ لائٹس کا استعمال کیا جائے.

محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب سموگ کی روک تھام کے لیے صوبہ بھر میں تمام ممکن اقدامات کر رہا ہے، اس سلسلے میں دھواں پھیلانے والے کارخانوں اور بھٹوں کو کسی بھی صورت کام کرنے کی اجازت نہیں ہے، جن کارخانوں اور فیکٹریوں میں دھواں کنٹرول والے آلات نصب ہیں صرف انکو کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے، اسی طرح جن بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جا چکا ہے ان کے لیے بھی کوئی پابندی نہیں ہے، عوام کو چاہیئے کہ وہ بھی آلودگی کی روک تھام کے لیے محکمہ تحفظ ماحولیات کی کوششوں کا ساتھ دیں اور سموگ کی صورت میں تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔