شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین نہیں بنائیں گے،  وزیر اعظم عمران خان

 شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین نہیں بنائیں گے،  وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو کسی بھی صورت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین بننے نہیں دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں اپوزیشن اتحاد اوراحتجاج سے متعلق پارٹی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کا ملک میں اداروں کی مکمل آزادی اوراحتساب کا عمل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم اپوزیشن سے بلیک میل نہیں ہوں گے، شہباز شریف کو کسی صورت بھی پی اے سی (پبلک اکاؤنٹس کمیٹی) کا چیئرمین نہیں بنایا جائے گا، اس عہدے کے لیے مشاورت سے غیرجانبدارشخصیت کا انتخاب کیا جائے گا، اس کے لیے اگر کمیٹیاں بنانی پڑیں توبنائیں گے۔ امورحکومت کو بہتر طریقے سے چلانے کے لئے اراکین بھی اپنی تجاویزدیں ۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے اراکان پارلیمنٹ کو وزیراعظم آفس تک براہ راست رسائی دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے موبائل ایپ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ارکان پارلیمنٹ کسی مسئلے کی صورت میں وزیراعظم آفس سے براہ راست رابطہ کرسکیں گے۔