وزیراعظم کا دورہ چین, پاک چائنا بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم کا دورہ چین, پاک چائنا بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

لاہور: وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے قبل پاک چائنا بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ،جس کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آئندہ ماہ 2 نومبر کو چین کے 4 روزہ دورے پر روانہ ہورہے ہیں لیکن اس سے قبل ہی پاک چائنابس سروس شروع کرنے کی تیاری کرلی گئی ہے، بس سروس لاہور سے کاشغر کے درمیان شروع ہوگی۔بس سروس کا نام سی پیک پسینجر سروس رکھا گیا ہے، بس 2دن میں لاہور سے براستہ خنجراب بارڈر جائےگی، بس سروس اگلے ماہ کے آخر یا دسمبرکے پہلے ہفتے سے شروع ہوگی۔

مسافروں کو چین کا ویزہ اور ریٹرن ٹکٹ اپنے پاس رکھنا ہوگا، لاہور سے کاشغر اور کاشغر سے لاہور کا کرایہ 23000 روپے ہوگا، بس کا یکطرفہ کرایہ 13000 روپے مقرر کیا گیا ہے۔بس میں مسافروں کو تین وقت کا کھانا اور چائے دی جائےگی، خنجراب بارڈر پر رات قیام کا انتظام بھی کیا جائےگا۔ پاک چین دوستی بس مجوزہ دنوں میں رات 12 بجے لاہور سے روانہ ہوگی، اسلام آباد، مانسہرہ بشام، چلاس سے ہوتی ہوئی رات 8 بجے گلگت پہنچے گی۔

گلگت میں 4 گھنٹے قیام کے بعد رات 2 بجے گلگت سے روانہ ہوگی اور اگلے دن 12 بجے خنجراب پاس سے ہوتی ہوئی 3 بجے کاشغر پہنچے گی۔اسی طرح دوستی بس کاشغر سے دن 11 بجے روانہ ہوگی اور اگلے روز لاہور پہنچا کرے گی۔