Get Alerts

سپریم کورٹ نے شبلی فراز کی سینیٹ نشست پر الیکشن شیڈول معطل کرنے کی درخواست مسترد کر دی

سپریم کورٹ نے شبلی فراز کی سینیٹ نشست پر الیکشن شیڈول معطل کرنے کی درخواست مسترد کر دی

اسلام آباد :  سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے پی ٹی آئی کے رہنما شبلی فراز کی سینیٹ کی نشست پر الیکشن کا شیڈول معطل کرنے کی استدعا کو مسترد کر دیا۔ پانچ رکنی آئینی بنچ کی سربراہی جسٹس امین الدین خان کر رہے تھے، جنہوں نے اس کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے شبلی فراز کی اپیل پر پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ بھی کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ شبلی فراز کی زیر التواء درخواست پر فیصلہ کرے۔

سماعت کے دوران، عدالت نے شبلی فراز کی خالی سیٹ پر سینیٹ کے الیکشن روکنے کی درخواست بھی مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ وہ سینیٹ الیکشن میں مداخلت نہیں کریں گے۔

بیرسٹر گوہر، جو کہ شبلی فراز کے وکیل ہیں، نے درخواست کی کہ چونکہ کل شبلی فراز کی نشست پر سینیٹ کا الیکشن ہے، اس لیے الیکشن کا شیڈول معطل کیا جائے۔ اس پر جسٹس حسن اظہر رضوی نے سوال کیا کہ جب امیدوار نامزد ہو چکا ہے تو پھر حکم امتناع کیوں طلب کیا جا رہا ہے؟ جسٹس جمال خان مندوخیل نے بھی اس بات کا ذکر کیا کہ امیدوار کا نامزد کرنا مجبوری تھی۔

مکالمے کے دوران بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وہ خود تحریک انصاف کے چیئرمین ہیں اور الیکشن میں صرف ایک سیٹ پر مقابلہ ہو رہا ہے، لیکن انہیں آئینی دفاتر سے بے آبرو کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ سینٹ کے الیکشن پر حکم امتناع دے کر اسے روکا جائے۔

سپریم کورٹ نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کے حکم کو بھی ختم کر دیا اور ہدایت کی کہ پشاور ہائیکورٹ فریقین کو سن کر جلد فیصلہ کرے۔

ٹیگز: