شریف خاندان کی سیاست کا خاتمہ ہو چکا ہے، عمران خان کی پیش گوئی

شریف خاندان کی سیاست کا خاتمہ ہو چکا ہے، عمران خان کی پیش گوئی

اسلام آباد: عمران خان نے غیر ملکی نیوز ایجنسی کو انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف کیا پورے شریف خاندان کا سیاست میں کوئی مستقبل نہیں کیونکہ پورا خاندان کرپشن میں ملوث ہے۔ شریف خاندان کی سیاست کا خاتمہ ہو چکا ہے اور تحریک انصاف آئندہ الیکشن جیت گئی تو کسی کرپٹ کو معاف نہیں کریں گے۔

انہوں نے مودی کو پاک بھارت کشیدگی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا مودی اپنی سامراجی سوچ سے آگے نہیں بڑھ سکے جبکہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت دو جنگیں لڑ چکے ہیں۔

عمران خان نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ایٹمی ممالک میں مذاکرات ہونے چاہیے لیکن جب تک نریندر مودی وزیراعظم ہیں ایسا ہوتا نظر نہیں آتا۔

عمران خان نے امریکا کی نئی افغان پالیسی پر شدید تنقید کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کو خطے کی تاریخ سے لاعلم قرار دے دیا۔ عمران خان کہتے ہیں ٹرمپ کے افغانستان میں مزید امریکی فوجی بھیجنے کے بیان سے دکھ ہوا اور امریکا کی افغان پالیسی میں شدید سقم ہیں۔

انہوں نے کہا  ڈونلڈ ٹرمپ کو پاکستان کی تاریخ کا علم ہے نہ افغانستان کے لوگوں کے کردار کا۔ ستر ہ برس پہلے بھی کہا تھا آج بھی کہتے ہیں جنگ اور خون بہانے سے مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا افغانستان میں طالبان کے خلاف شکست پر پاکستان کو الزام دینا ناانصافی ہے اور پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دیں۔ اب دوسرے ممالک ڈومور کریں جبکہ پاکستان پر حملوں کے لیے افغان سرزمین استعمال ہوتی ہے۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں