کویتی اعلیٰ سطحی وفد کے سربراہ کا دوران مذاکرات بریف کیس اور پرس چوری،20 ویں گریڈ کا افسر پکڑا گیا

کویتی اعلیٰ سطحی وفد کے سربراہ کا دوران مذاکرات بریف کیس اور پرس چوری،20 ویں گریڈ کا افسر پکڑا گیا
کیپشن: تصویر بشکریہ پریس انفارمین ڈیپارٹمنٹ

اسلام آباد: نئے پاکستان میں بھی کچھ نہیں بدلا اور ایک 20 ویں گریڈ کے سرکاری افسر نے بھونڈی حرکت کرتے ہوئے کویت سے آئے اعلیٰ سطح وفد کے سربراہ کا دوران مذاکرات بریف کیس اور پر س چوری کرلیا جبکہ ضرار حیدر کو دونوں چیزیں چوری کرتے سی سی ٹی وی فوٹیج نے پکڑ لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کویتی وفد کے سربراہ نے بتایا کہ ان کا بریف کیس اور پرس چوری ہوگیا ہے جس پر سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی گئی جبکہ کویتی وفد کے سربراہ وزارت اقتصادی امور میں مذاکرات میں مصروف تھے ۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں گریڈ 20 کے افسر ضرار حیدر کو دونوں چیزیں چوری کرتے دیکھا گیا جس کے بعد ضرار حیدر کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


سیکریٹری اقتصادی امور غضنفر عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ واقعہ میں ضرارحیدر نامی افسر ملوث پائے گئے ہیں جو کہ ڈی ایم جی کے گریڈ 20 کے افسر ہیں، میرے سٹاف افسر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضرار حیدر کے خلاف ضروری کارروائی کی جارہی ہے۔دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک نہ کوئی درخواست ملی نہ ہی کوئی اطلاع دی گئی لہٰذا درخواست ملی تو قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔