معیشت کی بہتری کیلئے تمام سیاسی جماعتیں ایک ہوجائیں: اعجاز الحق 

معیشت کی بہتری کیلئے تمام سیاسی جماعتیں ایک ہوجائیں: اعجاز الحق 

لاہور : مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق نے مشورہ دیا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو معیشت پر ذاتی اختلافات پس پشت ڈال دینے چاہئیں۔

سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کے بعد لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں اعجاز الحق نے بتایا کہ اس دوران ملکی معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس وقت ملکی معیشت کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے، اسمگلنگ کے خلاف کارروائی نے مثبت اثرات مرتب کیے۔

اعجاز الحق نے مزید کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ ہر سیاسی جماعت کیلئے یکساں ہونی چاہیے، اگر احتساب ہو تو سب کیلئے ایک پیمانہ ہونا چاہیے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ فوج اور عدلیہ کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی گئی، نگران وزیراعظم کو سیاسی بیانات نہیں دینے چاہئیں۔

اعجاز الحق نے کہا کہ نواز شریف کے استقبال سے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتا، شہباز شریف جو پیغام لندن لے کر گئے تھے اس کا ردعمل دیکھنا ہوگا، پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ اب کسی این آر او کی ضرورت نہیں۔

اس موقع پر چوہدری شافع حسین کا کہنا تھا کہ ق لیگ، مسلم لیگ ضیا کے آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر بھی بات ہوگی، بہتر ہے کہ چوہدری برادران اپنی اپنی الگ سیاست کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو سوچنا چاہیے کہ مہنگائی کو کس طرح کم کیا جائے، عام آدمی پر مہنگائی کا کم سے کم بوجھ ڈالا جانا چاہیے۔

مصنف کے بارے میں