Get Alerts

بھارتی کرکٹ بورڈ کی ہٹ دھرمی برقرار ، محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار

بھارتی کرکٹ بورڈ کی ہٹ دھرمی برقرار ، محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار

دبئی :  ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی ہٹ دھرمی پر برقرار رہتے ہوئے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا۔ محسن نقوی نے بھی اپنی پوزیشن پر سختی دکھائی جس کی وجہ سے بھارتی ٹیم نے کسی اور آفیشل سے بھی ٹرافی وصول نہیں کی۔

بھارتی ٹیم کی اس ہٹ دھرمی کی وجہ سے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹرافی کی تقریب میں تاخیر ہوئی۔ تقریب کے دوران محسن نقوی، امپائرز اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اسٹیج پر موجود تھے، لیکن پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنے میڈلز وصول کیے، جبکہ بھارتی کھلاڑی اسٹیج پر آنے سے انکار کرتے رہے۔

انفرادی طور پر بھارتی کرکٹر تلک ورما اور شیوام دوبے نے اپنے ایوارڈ وصول کیے، جبکہ محسن نقوی نے پاکستانی کھلاڑیوں کو رنر اپ ایوارڈز دیے۔

بی سی سی آئی نے باضابطہ طور پر ایشین کرکٹ کونسل کو ٹرافی نہ لینے کی اطلاع دی، جس کے بعد ٹرافی واپس منگوا لی گئی۔تقریب کے میزبان سائمن ڈول نے کہا کہ انہیں ای سی سی کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ بھارتی ٹیم آج ٹرافی وصول نہیں کرے گی۔

ایشیائی کپ کے دوران بھارتی ٹیم نے نہ صرف پاکستانی ٹیم سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا بلکہ فائنل سے پہلے بھارتی کپتان نے پاکستانی کپتان کے ساتھ تصویر بھی نہیں بنوائی، جس سے سپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی ہوئی۔

تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ اس ایشیا کپ میں بھارت کی سیاست نے کرکٹ کے کھیل کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور بھارتی کرکٹ بورڈ و ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل کی عزت کو داغدار کیا ہے۔

تجزیہ کاروں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کو چاہیے کہ وہ بھارتی ٹیم کی اس رویے کی سزا کے طور پر محسن نقوی کے ساتھ بائیکاٹ پر پابندی لگانے پر غور کرے۔

ٹیگز: