لندن : نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتیں ثابت کر دی ہیں اور اب وقت ہے کہ وہ اقتصادی طور پر بھی مضبوط ہو۔ انہوں نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کئی ممالک پاکستان کے ساتھ دفاعی معاہدے کرنا چاہتے ہیں۔
اسحاق ڈار نے پاکستان اور سعودی عرب کے حالیہ دفاعی معاہدے کی بھی تعریف کی اور کہا کہ یہ دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس معاہدے پر کوئی تحفظات نہیں بلکہ دیگر کئی ممالک بھی پاکستان کے ساتھ ایسے ہی معاہدوں میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے مقدمات سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
یاد رہے کہ 17 ستمبر کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ریاض میں ایک دفاعی معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت اگر کسی ایک ملک پر حملہ کیا گیا تو اسے دونوں ملکوں کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا۔دوسری جانب ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ ایران کو بھی اس پاک-سعودیہ دفاعی معاہدے میں شامل کیا جانا چاہیے۔