Get Alerts

ایشیا  کپ2025:معرکہ حق میں شکست کا غصہ بھارت  میدان میں لے آیا،ٹرافی ملی نہ عزت،سیاست نے کرکٹ کو زہریلا بنا دیا

ایشیا  کپ2025:معرکہ حق میں شکست کا غصہ بھارت  میدان میں لے آیا،ٹرافی ملی نہ عزت،سیاست نے کرکٹ کو زہریلا بنا دیا

ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ جیتا، تاہم اس فتح کے باوجود کھیل کی اصل روح کو شدید نقصان پہنچا۔ بھارت نے نہ صرف مقابلہ جیتا بلکہ کھیل کو سیاست کے زہریلے اثرات سے آلودہ کر کے جینٹل مین گیم کی عزت کو مجروح کیا۔ دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والی اختتامی تقریب تاخیر کا شکار رہی اور بھارتی ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر کے ایک تلخ پیغام دیا۔
تاہم پاکستانی ٹیم نے گڈ جیسٹر یعنی اچھا تاثر یہ دیا کہ   اپنے اعزازی انعامات کی فیس سات مئی کو بھارت کی جانب سے کیے گئے حملے میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کے نام کر دی ، جن میں بچے اور عام لوگ شامل ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے ایک پوسٹ میں بتایا کہ یہ فیس متاثرہ خاندانوں کو دی جائے گی۔
ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ محسن نقوی نے کہا کہ بھارت نے جنگ کو کھیل سے جوڑ کر کھیل کی پاکیزگی کو پامال کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر جنگ تمہارا فخر ہے تو تمہیں ذلت آمیز شکست ہوئی ہے اور تاریخ پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی شکست کو یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سیاسی کشیدگی نے کھیل کے جیتنے والے موقع کو بھی دھندلا کر دیا ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی اس معاملے میں سخت تنقید کی گئی۔ اپوزیشن جماعت کانگریس نے کھیل کو جنگی بیانیے میں بدلنے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے سوال کیاگیا  کہ کیا مودی کو خارجہ پالیسی اور سفارت کاری کا ادراک ہے؟ کانگریس رہنماؤں نے کہا کہ مودی ہر جگہ سیاست گھسا دیتے ہیں، چاہے وہ کھیل ہو، ہوا ہو یا پانی۔مودی کی اس سیاست کے سبب بھارتی ٹیم کے رویے پر بھی تنقید کی گئی، کیونکہ انہوں نے کرکٹ کی جیت کو 'آپریشن سندور' سے جوڑ دیا تھا، جو ایک عسکری مہم کا نام ہے۔

پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے قابل ذکر بات یہ ہےکہ  فائنل میچ میں پاکستانی ٹیم کی مڈل آرڈر بیٹنگ مکمل طور پر ناکام رہی، جس کی وجہ سے وہ مقررہ ہدف حاصل نہ کر سکی۔ اہم کھلاڑی کم سکور کرنے پر مجبور ہوئے اور ٹیم 147 رنز کے ہدف کو آخری اوور میں ہار گئی۔ یہ ناکامی پاکستانی ٹیم کے مستقبل کے لیے تشویش کا باعث بنی ہے۔

ایشیا کپ 2025 کے فائنل کے بعد بھارتی کپتان سوریہ کمار یادو نے پریس کانفرنس میں صحافیوں کے سوالات کے جواب دینے سے گریز کیا۔ ایک سوال کے جواب میں وہ گھبراہٹ کا شکار دکھائی دیے اور میڈیا مینیجر سے مشورہ لیا۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں سیاسی بیان بھی دیا اور فائنل کے بعد تمام میچز کی فیس بھارتی فوج کو دینے کا اعلان کیا۔

بھارتی میڈیا منیجر نے ایک پاکستانی صحافی کے سوال لینے سے بھی انکار کیا، جس سے تنازع مزید بڑھ گیا۔ بھارتی ٹیم نے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کرتے ہوئے اسٹیڈیم بغیر انعامات کے چھوڑ دیا، جو کرکٹ کی تاریخ میں ایک منفرد واقعہ ہے۔ بھارتی کھلاڑیوں نے فرضی ٹرافی کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کر کے اپنی ہی ٹیم کو متنازعہ بنایا۔

بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے پاکستانی کھلاڑی حارث رؤف کی نقل کرتے ہوئے ان کا "پلین ڈاؤن" ایکشن دہرایا، جو خود بھارتی کرکٹ بورڈ کی شکایت کا موضوع بنا تھا۔ یہ حرکت کرکٹ کے کھیل کے جذبے کے خلاف اور سیاست کی مداخلت کی واضح مثال ہے۔ یہ واقعہ واضح کرتا ہے کہ کھیل کو صرف کھیل کی حد تک محدود رکھنا چاہیے۔ سیاست اور کشیدگی کو کھیل کے میدان میں داخل ہونے نہیں دینا چاہیے کیونکہ کھیل کی روح تب ہی زندہ رہتی ہے جب اسے عزت، اخلاقیات اور جینٹل مین گیم کے اصولوں کے تحت کھیلا جائے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کو اپنی کمزوریوں کو دور کرکے آئندہ میچز میں بہتر کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ نہ صرف جیتیں بلکہ عزت و وقار کے ساتھ کھیلیں۔

ٹیگز: