ابو ظہبی:دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے اہم مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔
پاکستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا مگر آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ ابتدائی بلے باز صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ محمد حارث صرف 3 رنز بنا سکے۔ کپتان سلمان آغا بھی ناکام رہے اور محض 3 رنز تک محدود رہے۔ فخر زمان نے 17 رنز بنائے اور محمد نواز کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ تاہم صاحبزادہ فرحان نے 40 رنز کے ساتھ سب سے بڑی اننگز کھیلی جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے آخر میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چار چھکوں کی مدد سے 33 رنز جوڑے۔ یوں قومی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 127 رنز بنا سکی۔ بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 3 اور بمراہ و اکسر پٹیل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹرز نے پر اعتماد آغاز کیا اور محض 16 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنا کر میچ اپنے نام کر لیا۔ سوریا کمار یادیو نے سب سے زیادہ 47 رنز بنائے جبکہ ابھیشک شرما اور تلک ورما نے 31، 31 رنز کی کارآمد اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے تینوں وکٹیں صرف صائم ایوب کے حصے میں آئیں۔