ٹی 20 ورلڈکپ یو اے ای منتقل کرنے کے پلان پر غور شروع 

ٹی 20 ورلڈکپ یو اے ای منتقل کرنے کے پلان پر غور شروع 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: بھارت میں کورونا وائرس کے خوفناک حد تک اضافے کے بعد بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کرانے کے پلان پر غور شروع کر دیا ہے۔ 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بی سی سی آئی کے جنرل منیجر گیم ڈویلپمنٹ دھیرج ملہوترا کا کہنا ہے کہ میں حال ہی میں ٹورنامنٹ کے ڈائریکٹرز میں شامل ہوا ہوں اور ہم سب ایونٹ کے بھارت میں انعقاد کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں اور سب کی پہلی ترجیح بھی یہی ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کیساتھ اس حوالے سے بات چیت جاری ہے جس دوران بھارت میں ٹورنامنٹ کے انعقاد، کورونا وائرس کی بدترین صورتحال سمیت تمام آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے تاہم اس حوالے سے جلد ہی کوئی فیصلہ کر لیا جائے گا۔ 
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت میں کورونا وائرس کی بدترین صورتحال کے باعث اگر ٹورنامنٹ بھارت سے منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو پھر مختصر فارمیٹ کے عالمی ایونٹ کے تمام میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہوں گے۔