لاہور:وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور کو ایک عالمی ادارے کی رپورٹ میں دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں شامل کیا گیا ہے، جو کہ پاکستان کے لیے بین الاقوامی سطح پر ایک بڑی کامیابی ہے۔
ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کے دوران عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لاہور میں جرائم کی شرح میں 50 فیصد جبکہ ڈکیتی اور قتل جیسے سنگین جرائم میں 54 فیصد کمی آئی ہے۔ ان کے مطابق، یہ اعداد و شمار کسی سرکاری ادارے کے نہیں بلکہ ایک معتبر بین الاقوامی ادارے کی رپورٹ پر مبنی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیف سٹی منصوبے کے تحت پنجاب کے دیگر بڑے شہروں میں بھی نگرانی کا جدید نظام جون 2025 تک مکمل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بھارت پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت نے کئی واقعات کا الزام پاکستان پر لگایا، لیکن کسی ایک کا بھی ثبوت پیش نہ کر سکی۔