تہران: ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے تزویراتی اہمیت کے حامل علاقے آبنائے ہرمز میں نئے دور کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں امریکی اثر و رسوخ اپنی موت آپ مر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خلیج فارس کی مکمل سلامتی اب ایران کی ذمہ داری ہوگی اور اس میں کسی تیسری طاقت کا کوئی کردار نہیں ہوگا۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ امریکا خطے میں امن قائم کرنے میں مکمل ناکام رہا ہے اور وہی تمام تر عدم استحکام کا اصل ذمہ دار ہے۔
انہوں نے سخت لہجے میں کہا کہ بیرونی افواج کی موجودگی امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، جس کا نقصان خطے کے تمام ممالک کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔ کشیدگی کے دوران ایرانی مسلح افواج کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری فورسز نے ثابت قدمی اور جرأت کا وہ مظاہرہ کیا ہے جس نے دنیا پر واضح کر دیا کہ ایران اپنی سرحدوں کا دفاع کرنا جانتا ہے۔ سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ اب وہ وقت آ گیا ہے جب خلیج فارس کا مستقبل صرف اور صرف یہاں کے رہنے والے ممالک ہی طے کریں گے۔