لاہور : لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ خاص طور پر جناح ہسپتال کی ایمرجنسی میں پانی بھر جانے سے طبی سہولیات متاثر ہو گئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اسپتال میں حال ہی میں نئی لگائی گئی سیلنگ بھی ندی نالوں کی طرح پانی کے بہاؤ کو روکنے میں ناکام ثابت ہوئی، جس کے باعث ایمرجنسی میں شدید پانی جمع ہو گیا ہے۔ انتظامیہ پانی نکالنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے، جس سے مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
ہسپتال انتظامیہ نے فی الحال اس صورتحال پر قابو پانے کے لیے امدادی ٹیموں کو طلب کر لیا ہے جبکہ مریضوں کی فوری سہولت کے لیے متبادل انتظامات کیے جا رہے ہیں۔