بیجنگ: وزیراعظم شہباز شریف 25ویں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے چین کے 6 روزہ دورے پر پہنچ گئے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور مشیر طارق فاطمی بھی موجود ہیں، جن کا چین پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے اور عالمی سطح پر اہم مسائل پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔ وزیراعظم نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ ایکس پر اپنے دورے کے حوالے سے لکھا کہ "چین کے تاریخی دورے کے دوران شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے اجلاس میں شرکت کروں گا۔"
Departing on a historic visit to China! Will participate in the SCO Council of Heads of State Meeting in Tianjin and attend the 80th anniversary of the victory over Fascism in WWII in Beijing. I look forward to meeting H.E. President Xi Jinping and other world leaders to further… pic.twitter.com/lCD5ewH2pE
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) August 30, 2025
وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کی کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ (سی ایچ ایس) اور ایس سی او ایس ایچ ایس پلس اجلاس میں شرکت کریں گے، جس میں ایس سی او کے رکن ممالک کے سربراہانِ مملکت و حکومت شریک ہوں گے، جن میں پاکستان، چین، بھارت، روس، ایران، قازقستان، کرغزستان، بیلاروس، تاجکستان اور ازبکستان شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف ایس سی او ایس ایچ ایس اجلاس میں پاکستان کی طرف سے علاقائی اور عالمی مسائل پر مؤثر موقف اپنائیں گے اور سی ایچ ایس پلس اجلاس میں پاکستان کی کثیرالجہتی تعاون کو فروغ دینے، علاقائی امن میں اضافہ اور پائیدار ترقی کے لیے عزم کا اعادہ کریں گے۔
وزیراعظم بیجنگ میں دوسری جنگ عظیم کی فتح کی 80ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کریں گے اور چینی صدر شی جن پنگ سمیت عالمی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے، جس دوران پاک چین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر بات چیت کی جائے گی۔
وزیراعظم نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ اس دورے کے دوران خطے کے دیگر اہم ممالک سے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش کی جائے گی، اور انہوں نے کثیرالجہتی تعاون اور امن و خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کے حصول پر زور دیا۔
یاد رہے کہ دفتر خارجہ نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف 30 اگست سے 4 ستمبر تک چین کا دورہ کریں گے، جس دوران وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیرِاعظم لی چیانگ سے ملاقاتیں بھی شیڈول کی گئی ہیں، جن میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون پر گفتگو ہوگی۔ وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم دوسری جنگ عظیم میں فاشزم کی شکست کی 80ویں سالگرہ پر بیجنگ میں ہونے والی فوجی پریڈ میں بھی شریک ہوں گے۔
اس کے علاوہ، وزیراعظم چینی تاجروں اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ پر بات چیت کی جائے گی۔ وزیراعظم بیجنگ میں پاک-چین ’بی ٹو بی‘ انویسٹمنٹ کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے اعلیٰ سطحی تعلقات کا تسلسل ہے، جس میں سی پیک کے فیز ٹو کی پیشرفت پر بھی بات چیت کی جائے گی۔