تیانجن: وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے 25 ویں سربراہی اجلاس کے دوران متعدد عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی اور رسمی ملاقاتیں کی ہیں۔
وزیراعظم نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم، بیلاروس کے صدر الیکزانڈر لوکاشینکو، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، ترک صدر رجب طیب اردوان، تاجکستان، ترکمانستان، کرغستان اور مالدیپ کے صدور کے علاوہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے اضافے پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف کو عالمی رہنماؤں کی جانب سے غیر معمولی گرمجوشی اور پذیرائی کا سامنا رہا۔
وزیراعظم شہباز شریف اس وقت چین کے 6 روزہ دورے پر ہیں جہاں انہوں نے ایس سی او اجلاس میں شرکت کے علاوہ بیجنگ میں دوسری جنگ عظیم کی فتح کی 80 ویں سالگرہ کی تقریب میں بھی حصہ لیا۔ انہوں نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی ہے اور چینی تاجروں و کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے بھی ملاقاتیں شیڈول ہیں جن میں تجارتی، معاشی اور سرمایہ کاری کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف بیجنگ میں پاک-چین ’بی ٹو بی‘ انویسٹمنٹ کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔