نارووال: بھارتی آبی جارحیت کی وجہ سے حالیہ سیلاب میں زیرِ آب آنے والے کرتارپور گوردوارہ میں نکاسیِ آب اور صفائی کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ حکام نے اعلان کیا ہے کہ گوردوارہ کو آئندہ 3 سے 4 دنوں میں سکھ یاتریوں کے لیے دوبارہ کھول دیا جائے گا۔
پنجاب کی وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر "ستھرا پنجاب" کے کارکنوں، ریسکیو ٹیموں اور دیگر اداروں کے عملے نے دن رات محنت کر کے گوردوارہ کی تمام عمارتوں، جنم استھان اور درشن ڈیوڑی سمیت دیگر حصوں کی صفائی مکمل کی۔
ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب نے خود کرتارپور گوردوارہ پہنچ کر صفائی کے عمل کی نگرانی کی اور گوردوارہ کے وسیع صحن سے پانی نکال کر اسے اچھی طرح صاف کیا۔
مریم نواز شریف نے گوردوارہ کو 3 سے 4 دن میں سکھ یاتریوں کے لیے کھولنے کا حکم دے دیا ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ سیلاب کے دوران کرتارپور گوردوارہ 10 سے 12 فٹ پانی میں ڈوب گیا تھا، جس دوران ریسکیو ٹیموں نے موٹر بوٹس کے ذریعے سکھ یاتریوں کو نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ صفائی مکمل ہونے کے بعد گوردوارہ کے منتظمین اور زائرین اس کی اصل حالت دیکھ کر خوشی اور حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔