Get Alerts

سندھ میں کل سے بارشوں کا نیا سلسلہ: شرجیل میمن نے تمام اداروں کو "ہائی الرٹ" کر دیا، نکاسیِ آب کے لیے ہنگامی اقدامات

سندھ میں کل سے بارشوں کا نیا سلسلہ: شرجیل میمن نے تمام اداروں کو

کراچی: محکمہ موسمیات کی جانب سے سندھ بھر میں کل سے بارشوں کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کے بعد صوبائی حکومت متحرک ہوگئی ہے۔ سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
سینئر وزیر شرجیل میمن نے بارشوں کے دوران ممکنہ شہری مسائل سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ کو سخت احکامات دیے ہیں۔بلدیاتی اداروں، پی ڈی ایم اے (PDMA) اور ضلعی انتظامیہ کو چوبیس گھنٹے الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردِعمل دیا جا سکے۔
 کراچی سمیت تمام بڑے شہروں میں نکاسیِ آب کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ نشیبی علاقوں میں ڈی واٹرنگ پمپس اور ضروری مشینری کی بروقت موجودگی کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر نے کہا سندھ حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ ہم نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فیلڈ میں موجود رہیں اور نکاسیِ آب کے عمل کی خود نگرانی کریں۔
حکومتی سطح پر شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ  بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، تاروں اور ٹرانسفارمرز سے فاصلہ برقرار رکھیں۔شدید بارش کی صورت میں بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں تاکہ امدادی کاموں میں رکاوٹ نہ آئے۔

ٹیگز: