Get Alerts

نیپال میں قیامت خیز سیلاب، ہلاکتیں 675 تک پہنچ گئیں، 2400 سے زائد افراد لاپتہ

نیپال میں قیامت خیز سیلاب، ہلاکتیں 675 تک پہنچ گئیں، 2400 سے زائد افراد لاپتہ

کھٹمنڈو: نیپال میں بدھ کو آنے والے اچانک اور شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 675 تک پہنچ گئی جبکہ 2 ہزار 400 سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔نیپال اور تبت کی سرحدی علاقوں میں ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ نیپال ٹورازم بورڈ کے مطابق لاپتا افراد میں 320 غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔
چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق تبت میں سیلاب اور مٹی کے تودوں کے باعث کم از کم 16 افراد ہلاک جبکہ 546 افراد لاپتا ہیں۔ چینی حکام کے مطابق لاپتا افراد میں 23 ممالک کے 261 غیر ملکی شہری شامل ہیں۔ چینی حکام نے لاپتا غیر ملکی شہریوں سے متعلق ان کے متعلقہ ممالک کے سفارت خانوں اور قونصل خانوں کو آگاہ کر دیا ہے۔
چینی حکام کے مطابق لاپتا افراد کے اعداد و شمار مختلف سرکاری اداروں کی مشترکہ تحقیقات اور باہمی تعاون کے بعد مرتب کیے گئے ہیں، جن میں خارجہ امور، پبلک سکیورٹی، ثقافت و سیاحت اور ایمرجنسی مینجمنٹ کے ادارے شامل ہیں۔
دوسری جانب نیپال کی نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی نے بھوٹے کوشی دریا کے قریب سیلابی سطح میں اضافے کی اطلاع دی ہے اور دریا کے اطراف رہنے والے افراد کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کو آنے والے طاقتور سیلابی ریلے اور ملبے نے شمالی نیپال کے سیاحتی اور مذہبی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ سیلاب کے بعد بننے والی ایک جھیل کی سطح میں بھی کمی آنا شروع ہوگئی ہے، جس کے باعث اس کے پھٹنے اور مزید تباہی کا خدشہ کم ہوا ہے۔
ادھر امریکا نے سیلاب متاثرین کے لیے 36 لاکھ ڈالر کی انسانی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق امدادی پیکیج میں 10 ہزار متاثرہ خاندانوں کو تین ماہ تک ہنگامی خوراک کی فراہمی بھی شامل ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ نیپال اور چین میں موجود امریکی سفارت خانے امریکی شہریوں کی مدد اور امدادی کارروائیوں میں تعاون کے لیے مقامی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

ٹیگز: