Get Alerts

ہاکی نیشنز کپ 2026: پاکستان وائٹ کی پہلی کامیابی، بیلاروس انڈر 21 کو 4-1 سے شکست

ہاکی نیشنز کپ 2026: پاکستان وائٹ کی پہلی کامیابی، بیلاروس انڈر 21 کو 4-1 سے شکست

کازان : روس کے شہر کازان میں جاری ہاکی نیشنز کپ 2026 میں پاکستان وائٹ نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیلاروس انڈر 21 کو 1-4 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کرلی۔

کازان فیلڈ ہاکی سینٹر میں کھیلے گئے میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں نے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور حریف ٹیم پر مسلسل دباؤ قائم رکھا۔ پاکستان کی جانب سے ابوزر، یاسر خان، سعد اور تیمور نے ایک، ایک گول سکور کیا اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

قومی ٹیم نے ایونٹ میں اپنے پہلے میچ کے دوران بھی بیلاروس کی سینئر ٹیم کے خلاف بھرپور مقابلہ کیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ 4-4 گول سے برابر رہا تھا۔

اس مقابلے میں پاکستان کے لیے ابوزر، عثمان اشرف، سعد اور یاسر خان نے ایک، ایک گول کیا تھا، جبکہ دونوں ٹیموں نے اختتامی لمحات تک ایک دوسرے پر برتری حاصل کرنے کی کوشش کی۔

پاکستان وائٹ ٹیم کی قیادت ہیڈ کوچ اور اولمپین کامران اشرف کی نگرانی میں جاری ہے۔ قومی ٹیم اب ٹورنامنٹ میں مزید اہم میچز کھیلے گی، جن میں 30 اگست کو بیلاروس، 31 اگست کو سمرقند سٹی اور یکم ستمبر کو روس کی قومی ٹیم کے خلاف مقابلہ شامل ہے۔

بیلاروس انڈر 21 کے خلاف کامیابی کے بعد پاکستان وائٹ کے حوصلے بلند ہوگئے ہیں اور ٹیم کی نظریں اب ٹورنامنٹ میں مزید فتوحات حاصل کرنے پر مرکوز ہیں۔

ٹیگز: