لاہور : پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے دورے کے لیے لاہور سے روانہ ہوگئی، جہاں قومی جونیئر ٹیم ایک یوتھ ٹیسٹ اور چار ایک روزہ میچز میں حصہ لے گی۔
پاکستان انڈر 19 سکواڈ لاہور سے دبئی کے راستے انگلینڈ پہنچے گا۔ دورے کے دوران قومی ٹیم میزبان انگلینڈ انڈر 19 کے خلاف پانچ میچز کھیلے گی، جن میں ایک یوتھ ٹیسٹ اور چار یوتھ ون ڈے شامل ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان واحد یوتھ ٹیسٹ 2 سے 5 ستمبر تک ارونڈل کاسل کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
اس کے بعد چار میچوں پر مشتمل یوتھ ون ڈے سیریز کا آغاز ہوگا، جو 9 ستمبر سے شروع ہوکر 16 ستمبر تک جاری رہے گی۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم کے دورۂ انگلینڈ کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر تجربہ فراہم کرنا اور مستقبل کے لیے قومی کرکٹ کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی تیاری کو مزید مضبوط بنانا ہے۔