Get Alerts

خواجہ آصف کو وزیراعظم کی ایما پر گرفتار کیا گیا: احسن اقبال کا الزام

خواجہ آصف کو وزیراعظم کی ایما پر گرفتار کیا گیا: احسن اقبال کا الزام
کیپشن: فائل فوٹو

نارروال: مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے الزام عائد کیا ہے کہ خواجہ آصف کو وزیراعظم کی ایما پر گرفتار کیا گیا، ایسی کارستانیاں حکومت کو بچا نہیں سکتیں۔

میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ سپریم کورٹ خواجہ آصف کیس سے متعلق فیصلہ دے چکی ہے۔ چیئرمین نیب نے بدنیتی پر مقدمہ لاہور منتقل کیا۔ حکومت پی ڈی ایم تحریک سے بوکھلا چکی ہے۔ چیئرمین نیب کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ عمران نیازی کی آمدن اثاثوں کو چیک کریں۔

احسن اقبال نے کہا کہ میں کرائے کے گھر میں رہتا ہوں۔ عمران خان مجھ سے کم ٹیکس دے کر 300 کنال کے گھر میں رہتے ہیں۔ قسمیں کھا کر رانا ثنا اللہ کے خلاف منشیات کیس بنایا گیا۔ ہم ظلم کے ضابطے اور اقدامات کا مقابلہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ وقت دور نہیں جب حکومت ظلم کی وجہ سے رخصت ہوگی۔ بد دیانتی کی بنیاد پر خواجہ آصف کا کیس لاہور نیب کے حوالے کیا گیا۔ بشیرمین گواہی دے چکے ہیں کہ عمران خان نے خواجہ آصف کے خلاف کیس پر دباؤ ڈالا۔ بشیر میمن مجبوراً چھٹی لے کر نوکری سے الگ ہو گئے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ یہ جھوٹ اور کرپشن کی سرکار ہے۔ پی آئی اے اور سول ایوی ایشن تباہ کر دی ہے۔ جتنی مرضی گرفتاریاں کرو (ن) لیگ کے کارکن بھی تسلیم نہیں کریں گے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ خواجہ آصف کو عمران نیازی کے ایما پر گرفتار کیا گیا۔ عمران خان، خواجہ آصف کی قومی اسمبلی تقریروں پر نالاں تھے۔ نیب مقدموں سے حوصلے ٹوٹے، نہ سیاست ٹھنڈی ہوئی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جھوٹے مقدمے بنانے سے کیا غریب کو روزگار مل رہا ہے۔ آج ہر بندہ جھولیاں اٹھا کر ان کے جانے کی دعائیں کر رہا ہے۔

ٹیگز: