اوکاڑہ: اوکاڑہ کے علاقے'رتی کے' میں باپ نے بیٹے کے ہمراہ مل کر بھائی کو قتل کر کے زمین کھود کر دفن کر دیا۔ پولیس نے ملزمان باپ بیٹے کو حراست میں لے کر دفن شدہ لاش برآمد کر کے پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردی۔
تفصیلات کے مطابق، اوکاڑہ کے علاقے 'رتی کے' کا رہائشی نسیم احمد ولد محمد یار دو روز سے غائب تھا۔ پولیس کو اطلاع دی گئی کہ اسے اغواء کر لیا گیا ہے۔ ڈی پی او اوکاڑہ حسن اسد علوی نے نسیم کی برآمد گی کے لیے پولیس کی سپیشل ٹیم تشکیل دی اور تھانہ حویلی لکھا کے ایس ایچ او محمود الحسن کو ٹیم کا انچارج مقرر کر دیا۔
پولیس نے مقصود احمد اور اس کے بیٹے اعظم کو شامل تفتیش کر لیا، اس دوران مقصودنے اپنے بھائی نسیم کو قتل کر کے دفن کر نے کا انکشاف کردیا، پولیس نے ملزمان باپ بیٹے کی نشاندہی پر دفن شدہ لاش برآمد کر لی اور پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی۔
بتایا جاتا ہے کہ مقتولکو اس کےبھائی ملزم مقصود اور اس کے بیٹے اعظم نے جائیدا د کے تنازع پر قتل کیا ہے۔ پولیس نے وقوعہ کی تفتیش شروع کر دی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ مقتول نسیم نے چند سال قبل جائیداد کے تنازع پر اپنے باپ کو قتل کیا تھا۔